دہلی، 13؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کھادی ولیج انڈسٹریز کمیشن(کے وی آئی سی )کی ڈائری اور کیلنڈر میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے بجائے مودی کی تصویر نے سیاسی رنگ لے لیا ہے۔کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس معاملے میں ملک سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا سے بات چیت میں پارٹی لیڈر رندیپ سنگھ سرجیوالا کہا کہ اس واقعہ سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی صرف اپنی پبلسٹی میں دلچسپی رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مودی خود کو بابائے قوم سے بڑا دکھانا چاہتے ہیں،حالانکہ سوٹ بوٹ کی حکومت چلانے والے مودی ایسا کر نہیں پائیں گے۔سرجیوالا کا الزام تھا کہ بی جے پی گاندھی جی کی وراثت کو ملک کے ذہن سے مٹانا چاہتی ہے۔گاندھی کی تصویر کو ہٹانے کی سخت تنقید کرتے ہوئے سرجیوالا نے کہا کہ یہ ایک گناہ ہے اور اس کے لیے مجرم حکام کو فورا برخاست کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے وزیر اعظم سے تصویر کو فورا ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا۔دوسری طرف کے وی آئی سی کے چیئرمین ونے کمار سکسینہ نے اس مسئلہ پر تنازعہ کو بے بنیاد بتایا ہے۔سکسینہ کا دعوی ہے کہ کمیشن کی ڈائری اور کیلنڈر پہلے بھی گاندھی جی کی تصویر کے بغیر شائع ہوتے رہے ہیں اور صرف گاندھی جی کی تصویر چھاپنے کا کوئی اصول نہیں ہے۔سکسینہ کی دلیل ہے کہ مودی کی تصویر کا استعمال کھادی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے مودی کو نوجوانوں کے لیے آئیڈیل بتایا اور دعوی کیا کہ ان کی بدولت گزشتہ 2سالوں میں کھادی کے استعمال میں 34فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔کے وی آئی سی کے ذرائع کے مطابق ، کیلنڈر اور ٹیبل ڈائری میں گاندھی جی کی تصویر نہ چھپنا کوئی نئی بات نہیں ہے، کیونکہ 1996، 2002، 2005، 2011، 2012، 2013، 2016میں بھی ایسا ہی ہوا تھا۔